(لاہور نیوز) ہسپتالوں میں طبی سہولیات، صفائی اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر لاہور نعمان یوسف نے سر گنگا رام ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔
ریسکیو 1122، واسا، سی اینڈ ڈبلیو، سول ڈیفنس اور ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، کمشنر لاہور نے سر گنگا رام ٹیچنگ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سمیت صفائی اور سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس دوران زچہ بچہ بلاک، گائنی وارڈ، نرسری، ایمرجنسی اور میل وارڈز کا معائنہ کیا گیا، کمشنر لاہور نے وارڈز میں موجود مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا، فائر ہائیڈرنٹس، فائر بریگیڈ کی رسائی، ہنگامی اخراج کے راستوں اور آگ بجھانے والے آلات کو بھی چیک کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور نعمان یوسف کا کہنا تھا کہ فائر ہائیڈرنٹس فعال ہیں، جبکہ سیفٹی آلات کے استعمال کی تربیت اور ورکشاپس بھی جاری ہیں، ہسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی رخنہ نہیں رہنا چاہئے۔
کمشنر لاہور نے متعلقہ اداروں کو ہسپتالوں کے اندر اور بیرونی حصوں میں بجلی کی سپلائی کو مکمل محفوظ بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے فائر ہائیڈرنٹس کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور فائر ایکسٹنگوشرز، ہوزز، ہائیڈرنٹس اور ایمرجنسی اخراج کے راستوں کی واضح نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ لاہور کے تمام ہسپتالوں کو ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے، جبکہ طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ مریضوں کی حفاظت اور ہسپتالوں کے سیفٹی انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
