شادمان پولیس کی کارروائی، خواتین سے وارداتیں کرنے والے گینگ کے دو ارکان گرفتار
(لاہور نیوز) شادمان پولیس نے خواتین سے مبینہ طور پر چھینا جھپٹی کرنے والے باپ بیٹے پر مشتمل گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مکہ کالونی سے ٹریس کیا گیا، ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزمان میں طیب اور شیراز شامل ہیں، جنہیں مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان باپ اور بیٹا ہیں اور انہوں نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر سنیچر گروپ بنا رکھا تھا، ملزمان گلبرگ، شادمان اور گردونواح کے علاقوں میں خواتین کو نشانہ بناتے اور ان سے پرس اور بیگ چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کو خواتین سے بیگ چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دو روز قبل ایک ہی دن میں تین خواتین سے پرس چھینے تھے، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے نقدی، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ خواتین کو جرائم پیشہ عناصر سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور خواتین کو نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
