(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں خودکشی، حادثات، نشے کی زیادتی اور دیگر واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایدھی ایمبولینسز نے تمام لاشیں مردہ خانہ منتقل کردیں۔
ایدھی ترجمان کے مطابق بادامی باغ کے علاقے کھوکھر روڈ پر 18 سالہ لڑکی روزی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پنکھے سے لٹک کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
ستوکتلہ کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں 35 سالہ خاتون جویریہ نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بادامی باغ میں ایک فیکٹری میں کام کے دوران 40 سالہ مزدور حسن چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔
شیراکوٹ بس اسٹینڈ کے قریب 70 سالہ محمود اختر حرکت قلب بند ہونے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ چوہنگ کے علاقے کوٹ محمد حسین، شاہ پور میں 40 سالہ منیر کی لاش برآمد ہوئی، جو بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا تھا۔
شادمان انڈر پاس کے قریب 25 سالہ نامعلوم شخص مبینہ طور پر نشے کی زیادتی کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ گلشن اقبال میں ملتان روڈ کے قریب بھی 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جس کی موت بظاہر نشے کی زیادتی کے باعث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے تمام واقعات کے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ تمام لاشیں ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کردی گئیں۔
