(لاہور نیوز) باغبانپورہ کے تاراں والے بازار میں فائرنگ کے واقعے میں گھر کے باہر کھڑا 40 سالہ عدنان جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ عاطف امیر، ایس ایچ او باغبانپورہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، زخمی عدنان کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دی۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق مقتول کے والد بشیر کی مدعیت میں نامزد ملزمان شہباز اور شیراز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق قرار واقعی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
