(لاہور نیوز) پنجاب کے کالجز میں عارضی اساتذہ کی بھرتی اور کنٹریکٹ میں توسیع کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا۔
اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عارضی اساتذہ کو دوبارہ بھرتی کے عمل میں شامل نہیں ہونا پڑے گا، نئے طریقہ کار کے تحت عارضی اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کا اختیار کالجز کے سربراہان کو دے دیا گیا ہے۔
اساتذہ کی کارکردگی پانچ مختلف پیمانوں پر جانچی جائے گی، جن میں طلبہ کے نتائج، بہتر کردار، حاضری اور نظم و ضبط سمیت دیگر عوامل شامل ہیں، اچھی کارکردگی کے حامل عارضی اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی، جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی جگہ نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔
حکام کے مطابق عارضی اساتذہ کی کارکردگی کا ڈیٹا مرکزی سطح پر جمع کیا جائے گا تاکہ بھرتی اور کنٹریکٹ میں توسیع کا عمل کارکردگی کی بنیاد پر مکمل کیا جا سکے۔
پنجاب کے کالجز میں نئی کلاسز کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا، جبکہ صوبے کے کالجز میں تقریباً 8 ہزار عارضی اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
