(ویب ڈیسک) میٹرک کے امتحانات میں ناقص نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر کے تمام سرکاری سکولوں کے سربراہان سے میٹرک کے نتائج کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، سکول سربراہان کو 3 روز کے اندر نتائج کا ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن سکولوں کے میٹرک کے نتائج 40 فیصد سے کم ہوں گے، وہاں متعلقہ اساتذہ کو ذاتی شنوائی کا موقع دینے کے بعد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اسی طرح 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ان کا دیگر اضلاع میں تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسے سکول جہاں میٹرک کے نتائج 10 فیصد سے بھی کم ہوں گے، وہاں سکول سربراہان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے نتائج کے تجزیے کے بعد ناقص کارکردگی کے ذمہ دار اساتذہ اور سکول سربراہان کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
