(لاہور نیوز) معاون خصوصی ثانیہ عاشق کی ہدایت پر محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے تھیراپسٹس، ماہرین نفسیات اور اساتذہ کو آٹسٹک بچوں کی تعلیم، تربیت، بحالی اور فزیکل تھراپی کے حوالے سے بین الاقوامی طرز کی تربیت دی جا رہی ہے۔
ٹریننگ عالمی شہرت یافتہ اپلائیڈ بیہیویئر ایکسپرٹ مارک ڈیوڈ میگبونا دے رہے ہیں، جنہیں آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر اور ڈاؤن سنڈروم کے شعبے میں 20 سال سے زائد پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے، تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں 80 اساتذہ اور ماہرین نفسیات شریک ہیں۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے بھی تربیتی سیشن میں شرکت کی اور عالمی شہرت یافتہ ایکسپرٹ مارک ڈیوڈ میگبونا سمیت تربیت حاصل کرنے والے شرکاء سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈی جی سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا مقصد خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے نظام کو انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹسز کے مطابق بنانا ہے، آٹزم کا شکار بچوں کے رویوں کو سمجھنے اور ان میں مثبت تبدیلی لانے کے مؤثر طریقوں سے ماہرین کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی انفرادی ضروریات کے مطابق تدریسی اور تربیتی حکمتِ عملی تیار کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بچوں میں ابلاغ، سماجی روابط، سیکھنے کی صلاحیت اور خود انحصاری کو فروغ دینے کے طریقے بھی سکھائے جا رہے ہیں۔
شعیب خان جدون کا کہنا تھا کہ خصوصی معلمین اور معالجین کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کیلئے جامع تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے، آٹزم کی جدید تفہیم کو عملی تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے ماہرین کی عملی صلاحیتوں اور فیصلہ سازی میں بہتری لانا مقصود ہے۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کی پہچان سے خود انحصاری تک کے سفر کو مضبوط بنایا جا رہا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
