(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعلیم نے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سکولوں کی چھتوں، واٹر ٹینکس اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مون سون کے پیش نظر سکولوں میں جمع ہونے والے پانی اور ڈینگی کی ممکنہ افزائش گاہوں کے خاتمے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ زیر تعمیر یا مرمتی کام والی جگہوں کو بیریئر لگا کر طلبہ کی رسائی سے محفوظ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکول کھولنے سے قبل پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور وائرنگ کی مکمل جانچ، جبکہ تمام سکولوں میں صاف پینے کے پانی اور واش رومز کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
اے پلس اور اے کیٹیگری سکولوں میں سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد، جبکہ سکول کھولنے سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کو فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1321 کو نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تمام سکولوں میں لیسن پلانز اور سکیم آف اسٹڈیز مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سربراہان ادارہ جات کو سکول کھولنے سے قبل حتمی معائنہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام سکولوں کی سو فیصد فزیکل انسپکشن مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز، اے ای اوز اور ایم ای ایز کو سکولوں کے معائنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے، جبکہ کسی بھی کمی کی نشاندہی کی صورت میں فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام سی ای اوز کو جاری ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سکول کھولنے سے قبل انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
محکمہ تعلیم نے سکولوں کی دوبارہ اوپننگ سے متعلق تمام ہدایات پر عملدرآمد کو ٹاپ ترجیح قرار دے دیا ہے۔
