(لاہور نیوز) پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز برائے انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISEs) نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور سرگودھا کے بورڈز کی جانب سے نتائج کا اعلان بیک وقت کیا گیا۔
طلبہ متعلقہ بورڈز کی آفیشل ویب سائٹس پر جا کر یا ایس ایم ایس سروس کے ذریعے دسویں جماعت کے اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
لاہور بورڈ نے BISE Lahore AI Chatbot متعارف کرایا ہے، جو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے طلباء کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ایک جدید ڈیجیٹل اقدام ہے۔
بورڈ حکام کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ اقدام طلبہ کو جدید، موثر اور قابلِ رسائی تعلیمی خدمات فراہم کر کے ڈیجیٹل تبدیلی اور عوامی خدمات میں بہترین کارکردگی کے حوالے سے BISE لاہور کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔"
لاہور بورڈ کے تحت رواں سال ہونےوالے امتحان میں 2 لاکھ 82 ہزار 308 امیدوارواں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 82 ہزار186 امیدوار پاس ہوئے۔
امتحان میں کامیابی کا تناسب 64 اعشاریہ 53 فیصد رہا،امتحان میں ایک لاکھ امیدوار فیل ہوگئے۔
لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کرنے کی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،اس موقع پر انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابی دن رات کی محنت کا ثمر ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ میٹرک امتحانات کے نتائج کو آن لائن کر دیا گیا ہے، اس بار طلبہ اپنا نتیجہ دیکھنے کے لیے کیو آر کوڈ کا استعمال کریں گے، تمام سسٹم آن لائن کر دیئے گئے ہیں، اب طلبہ کو کسی بھی انکوائری کے لیے بورڈ آفس کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، سپلیمنٹری امتحانات میں 100 فیصد سکرین مارکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ملتان بورڈکے تحت ہونےوالے میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں مجموعی کامیابی کی شرح 72.65 فیصد رہی، 1 لاکھ 33 ہزار 19 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 96 ہزار 638 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈکے تحت ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 امیدوار کامیاب ہوئے،کامیابی کی شرح 74.69 فیصد رہی، میٹرک امتحانات سائنس گروپ میں ایک لاکھ 56 ہزار 633 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 22 ہزار 947 امیدوار کامیاب ہوئے ،فیصل آباد میٹرک امتحانات سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 78.49 فیصد رہی۔
فیصل آباد بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک امتحانات میں ضلع جھنگ سے مجموعی طور پر28 ہزار 514 طلبہ نے امتحان دیا تھا جن میں سے 24 ہزار 987 طلبہ پاس قرار پائے جبکہ 3 ہزار 527 طلبہ فیل ہوگئے،اس طرح ضلع جھنگ میں مجموعی رزلٹ کا تناسب 87.63 فیصد رہا۔
فیصل آباد بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک امتحانات میں ضلع ٹوبہ ٹیک سندھ سے 24684 طلبا و طالبات امتحان میں شامل ہوئے جن میں سے مجموعی طور پر 20288 طلبا و طالبات کامیاب قرار پائے، 4 ہزار 396 طلبہ وطالبات فیل ہوگئے اس طرح مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 82 فیصد رہا۔
