(لاہور نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ تبدیل کر دی گئی، جس کے بعد امتحان اب 16 اگست کے بجائے 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہو گا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ امتحان کو ری شیڈول کرنے کا مقصد امیدواروں کو تیاری کیلئے مزید وقت فراہم کرنا اور امتحان کے انعقاد کو شفاف، محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
پی ایم ڈی سی حکام کے مطابق امتحان کی تاریخ میں تبدیلی صرف امیدواروں کی سہولت اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کیلئے کی گئی ہے، جبکہ امتحان کی دیگر تمام شرائط، قواعد و ضوابط اور انتظامات بدستور برقرار رہیں گے۔
کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ امتحان سے متعلق مزید معلومات، شیڈول اور آئندہ اپ ڈیٹس کیلئے پی ایم ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
واضح رہے کہ نئی تاریخ کے اعلان کے بعد امیدواروں کو اپنی تیاری مکمل کرنے کیلئے مزید ایک ماہ سے زائد کا اضافی وقت مل گیا ہے۔
