(لاہور نیوز) گرمی کی تعطیلات کے اختتام کے بعد مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم میں خصوصی بچوں کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے ادارے کا دورہ کیا اور بچوں کا استقبال کیا۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے کلاس رومز کا معائنہ کرتے ہوئے تدریسی اور تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے اساتذہ سے بھی ملاقات کی اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے کہا کہ خصوصی بچوں کو سازگار، محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا محکمہ سپیشل ایجوکیشن کی اولین ترجیح ہے، آٹزم کا شکار ہر بچہ ہماری توجہ، محبت اور معیاری تعلیم کا مستحق ہے، جبکہ اساتذہ خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بہتر نشوونما کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا بااعتماد، بااختیار اور کامیاب شہری بنانا محکمہ سپیشل ایجوکیشن کا مشن ہے، بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور ان کے روشن و خودمختار مستقبل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے مزید کہا کہ معاون خصوصی ثانیہ عاشق کی ہدایات کے مطابق ادارہ ہر خصوصی بچے کو بااعتماد اور بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشرے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
