(لاہور نیوز) قائم مقام ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق باغبانپورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو منشیات کی ڈیلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، گرفتار ملزمان میں فرمان، سجاد، حیدر، اصغر اور ایک دیگر ملزم شامل ہیں۔
قائم مقام ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 6 کلو گرام چرس اور آدھا کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن لوکیشن کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی کرتے تھے۔
ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں اور اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کرنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
راحیلہ اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کیلئے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
