(لاہور نیوز)بیجنگ انڈر پاس کی جانب مغل پورہ کے قریب اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوگئے، حادثے کے باعث انڈر پاس کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کے دوران بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں اینٹیں سڑک پر بکھر گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ڈی ایس پی نائٹ سمیت ٹریفک پولیس کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا۔ پولیس نے سڑک پر بکھری اینٹیں ہٹوا کر ٹریکٹر ٹرالی کو ایک جانب منتقل کیا، جس کے بعد بیجنگ انڈر پاس کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق روڈ کو مکمل طور پر کلیئر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے، جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
