(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک گاڑیوں، افراد اور سامان کی چیکنگ مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور اہم و حساس مقامات کے اطراف سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔
آئی جی نے تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کا بھی حکم دیا۔
