اسحاق ڈار کی زیرصدارت قونصلر خدمات کا جائزہ، عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں قونصلر خدمات کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم کو عوامی سہولت میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، انہیں بتایا گیا کہ قونصلر خدمات کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بنانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے صبح اور شام کی شفٹیں متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ قونصلر خدمات کو مزید مضبوط، مؤثر اور شفاف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت، آسان اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں، عوامی خدمت کے نظام میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
