(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روز ملک بھر کی شاہراہوں پر اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر ساڑھے آٹھ ہزار ارب روپے وصول کئے، لیکن ریفائنریوں اور تیل ذخیرہ کرنے کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ صرف ایک سال کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں انیس سو ارب روپے وصول کئے گئے، جبکہ مڈل کلاس نے بارہ سو ارب روپے ٹیکس ادا کیا، ٹیکس کا اصل بوجھ عام شہری اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ماہانہ، پھر ہفتہ وار اور اب تقریباً روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، معمولی کمی کے بعد قیمتوں میں دوبارہ بڑا اضافہ کر دیا جاتا ہے، جبکہ پٹرولیم لیوی کے نفاذ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
امیر جماعت اسلامی نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ 7 اگست کو پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، بصورت دیگر ہر سال ٹیکسوں میں اضافہ ہوتا رہے گا اور بنیادی ضروریاتِ زندگی عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہو جائیں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی، بیوروکریسی اور دیگر ریاستی اداروں کو مفت بجلی، مفت پٹرول اور دیگر مراعات ختم کرنا ہوں گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو ریلیف دلانے کیلئے جماعت اسلامی ہی مؤثر آواز اٹھا رہی ہے۔
