(لاہورنیوز) فیصل آباد روڈ پر ہیڈ روشن دین کے قریب بجلی کے ہائی وولٹیج تار ٹوٹ کر ایک مسافر بس پر آ گرے، جس کے نتیجے میں بس کا کنڈیکٹر جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق تار گرنے کے بعد بس میں سوار مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد نے جان بچانے کے لیے بس سے چھلانگیں لگا دیں۔
اسی دوران چند بہادر مسافروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر لکڑی کی مدد سے بجلی کے تار کو بس سے الگ کیا، جس سے مزید قیمتی جانیں بچ گئیں۔واقعے کے بعد شہریوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سانحے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں کی باقاعدہ جانچ اور بروقت مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
