(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سامنے آیا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کی قیمت میں کمی جبکہ انڈوں کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، برائلر مرغی کے نرخ میں 15 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 497 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم مختلف بازاروں میں صاف گوشت 580 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 315 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 329 روپے اور پرچون بازار میں 343 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری نرخ 243 روپے فی درجن مقرر کر دیئے گئے ہیں، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 7 ہزار 170 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے دوران انڈوں کی قیمت میں مجموعی طور پر 17 روپے فی درجن اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں پر مزید مالی بوجھ پڑ گیا ہے۔
