(لاہورنیوز) نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) کے اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور طلب پوری کرنے کے لئے سٹاک کافی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، این سی ایم سی کے ارکان، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، ممبر کسٹمز ایف بی آر، اوگرا اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
این سی ایم سی کے مطابق جولائی کے پہلے 15 روز میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافے کے باعث سپلائی سے متعلق خدشات پیدا ہوئے، جن کا جائزہ لے کر ازالہ کر دیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اوگرا کے تجزیے میں ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی نشاندہی کی گئی، جس پر اوگرا کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
این سی ایم سی نے صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی روکنے اور عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ملک بھر میں مسلسل سپلائی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
