(لاہور نیوز) پنجاب میں خریدی جانے والی ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن اب لازمی طور پر پنجاب میں ہی کی جائے گی، اس حوالے سے ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے موٹر برانچز کے افسران اور کار مینوفیکچررز کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔
ڈی جی ایکسائز نے ہدایت کی ہے کہ تمام کار مینوفیکچررز اور موٹر برانچز اس بات کو یقینی بنائیں کہ پنجاب میں فروخت ہونے والی ہر گاڑی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ہی مالک کے حوالے کی جائے۔ اس مقصد کے لیے مینوفیکچررز اپنے تمام مجاز ڈیلرز کی فہرستیں متعلقہ موٹر برانچز کو فراہم کریں گے۔
عمر شیر چٹھہ کے مطابق تمام ڈیلرز کو بروقت ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) کے تحت لائسنس جاری کیے جائیں گے جبکہ پنجاب کے شناختی کارڈ پر خریدی جانے والی گاڑی متعلقہ ڈیلر رجسٹرڈ کر کے ہی خریدار کے حوالے کرے گا، ڈیلرز کی فہرستیں موصول ہوتے ہی ڈی وی آر ایس لائسنس کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر میں 102 ڈیلرز ڈی وی آر ایس لائسنس کے حامل ہیں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، ڈیلرز فی گاڑی رجسٹریشن پر 2 ہزار روپے سروس چارج وصول کر رہے ہیں تاہم نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ان سروس چارجز میں معمولی اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ ہدایات ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کی کار مینوفیکچررز اور موٹر برانچ ڈائریکٹرز کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران جاری کی گئیں، جس میں متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
