(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں، سمگلرز اور سپلائی چین سے وابستہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 26 ہزار 267 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 25 ہزار 243 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 13 ہزار 324 کلوگرام چرس، 1251 کلوگرام ہیروئن، 870 کلوگرام آئس، 557 کلوگرام افیون اور 3 لاکھ 79 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف لاہور میں رواں سال 3746 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف 3631 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 1345 کلوگرام چرس، 88 کلوگرام ہیروئن، 367 کلوگرام آئس، 37 کلوگرام افیون اور 17 ہزار 541 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
