لاہور میں فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ کریک ڈاؤن، 71 ہزار 251 کلو ایکسپائر اشیاء تلف
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں جعلساز مافیا کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 71 ہزار 251 کلوگرام مختلف برانڈز کی ایکسپائر اشیاء تلف کر دیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز کی نگرانی میں گرومانگٹ روڈ، بٹ چوک، ٹاؤن شپ اور سندر اسٹیٹ میں 3 یونٹس اور ایک گودام پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران 3 یونٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ 2 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق کارروائیاں اس اطلاع پر کی گئیں کہ ایکسپائر اشیاء پر نئی تاریخیں لگا کر انہیں دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ چھاپوں کے دوران برآمد ہونے والی اشیاء کا ٹریس ایبلٹی ریکارڈ اور ضروری سپلائی دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زائد المیعاد اشیاء کو تلف کرنے کے لیے نہ کوئی مؤثر نظام موجود تھا اور نہ ہی معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل کیا جا رہا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
