(لاہور نیوز) سیف سٹی کیمروں اور ورچوئل پٹرولنگ کی بروقت نگرانی کے نتیجے میں شادمان سے چوری ہونے والی سوزوکی بولان برآمد کر لی گئی، جبکہ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ شہری نے گاڑی چوری ہونے کے فوراً بعد پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشتبہ گاڑی کی نقل و حرکت کو مسلسل مانیٹر کرتے ہوئے ٹریس کیا۔
جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں ملزم کو گاڑی کی جانب جاتے، اسے چوری کرتے اور موقع سے فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرائیور گاڑی پارک کر کے ناشتے میں مصروف تھا کہ اسی دوران ملزم سوزوکی بولان لے کر فرار ہو گیا۔ مذکورہ گاڑی اسکول اور کالج کے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔
سیف سٹی کی جانب سے حاصل کیے گئے ڈیجیٹل شواہد، ویڈیو فوٹیج، ملزم کی شناخت اور لوکیشن سے متعلق معلومات فوری طور پر سول لائنز پولیس کے حوالے کی گئیں، جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے جدید سرویلنس سسٹم اور ورچوئل پٹرولنگ کی بدولت جرائم کی بروقت نشاندہی، ملزمان کی ٹریسنگ اور گرفتاری کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
