(لاہور نیوز) شہر میں خودکشی کے واقعات بارے ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال یکم جنوری سے 30 جون تک مختلف وجوہات کے باعث 60 افراد نے خودکشی کی۔
اعداد و شمار کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں 51 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں، ماہانہ تفصیلات کے مطابق جنوری میں خودکشی کے 14 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 11 مرد اور 3 خواتین جان کی بازی ہار گئے، فروری میں 12 افراد نے خودکشی کی، جن میں 11 مرد اور ایک خاتون شامل تھی۔
مارچ کے دوران 6 افراد نے خودکشی کی، جن میں 5 مرد اور ایک خاتون شامل تھے، جبکہ اپریل میں 10 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 9 مرد اور ایک خاتون جان سے گئے، مئی میں خودکشی کے 13 واقعات سامنے آئے، جن میں 11 مرد اور 2 خواتین شامل تھیں، جبکہ جون کے دوران 5 افراد نے خودکشی کی، جن میں 4 مرد اور ایک خاتون شامل تھی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق خودکشی کے واقعات کے پس منظر میں معاشی مشکلات، گھریلو تنازعات، محبت میں ناکامی اور دیگر ذاتی مسائل جیسے عوامل سامنے آئے ہیں۔
