مریم نواز سے ارکانِ پنجاب اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں،عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، امن و امان کی صورتحال، صوبائی ترقیاتی منصوبوں، حلقوں کے مسائل اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کاہنہ سانحے میں جاں بحق بچوں کے والدین سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم بچوں کے لیے خصوصی دعا کی۔
ارکانِ صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو پنجاب کا تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور "اپنا کھیت، اپنا روزگار" سکیم کے اجرا کے ساتھ گرین الیکٹرک بس منصوبے کو تحصیل سطح تک توسیع دینے کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکانِ اسمبلی کو اپنے اپنے اضلاع میں عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کے لیے بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا عوامی فلاحی وژن، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور بیوٹیفکیشن منصوبے قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بہترین سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور سرکاری سطح پر سبیلوں کے انتظامات نے عوام کے دل جیت لیے، جبکہ بچوں اور خواتین کے لیے متعارف کرائے گئے منصوبے بھی قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سبق انہوں نے قائد محمد نواز شریف سے سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن سے علاج معالجے کی سہولیات عوام کو گھر کی دہلیز پر میسر آ رہی ہیں، جبکہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں تقریباً ایک لاکھ پچیس ہزار گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
