اپ ڈیٹس
  • 230.00 انڈے فی درجن
  • 288.00 زندہ مرغی
  • 417.00 گوشت مرغی
  • پولٹری
  • آسٹریلیا ڈالر قیمت خرید: 192.80 قیمت فروخت : 193.15
  • کرنسی مارکیٹ
  • تولہ: 433500 دس گرام : 371656
  • 24 سونا قیراط
  • تولہ: 397477 دس گرام : 340685
  • 22 سونا قیراط
  • تولہ: 6902 دس گرام : 5916
  • چاندی تیزابی
  • صرافہ بازار
پنجاب گورنمنٹ

مریم نواز کا بڑا اعلان،الیکٹرو بس سروس کا دائرہ کارچھوٹے شہروں اور قصبوں تک وسیع

05 Jul 2026
05 Jul 2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ماحول دوست اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرو بس سروس کا دائرہ کار ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سے بڑھا کر چھوٹے شہروں اور قصبوں تک وسیع کر دیا ہے۔

مختلف اضلاع میں نئی الیکٹرو بسیں باقاعدہ آپریشنل ہو چکی ہیں، جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں مزید اضلاع تک اس سہولت کو توسیع دی جائے گی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خانیوال، خوشاب، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کے 13 روٹس پر جدید الیکٹرو بسیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ خوشاب میں 15 جبکہ خانیوال، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں 9، 9 جدید الیکٹرو بسیں مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں۔

خوشاب میں الیکٹرو بس سروس جنرل بس سٹینڈ تا گروٹ چوک، مٹھا ٹوانہ اور منگوال روٹ پر فعال ہے، جبکہ خانیوال میں خانیوال تا جہانیاں اور کبیر والا روٹس پر بسوں کو عوام کی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ بھکر میں بس سٹینڈ، دریا خان اور بہل کے روٹس، اٹک میں پی او ایف سنجوال تا حضرو اور حکیم آباد تا اٹک خورد جبکہ منڈی بہاؤالدین میں کٹھیالہ شیخاں تا رسول ویلیج اور کالج چوک تا مانوچک روٹس پر الیکٹرو بسیں چل رہی ہیں۔ حافظ آباد میں بھی جناح چوک انٹر سٹی اور گھوڑا چوک تا جلال پور بھٹیاں روٹس پر سروس شروع کر دی گئی ہے۔

حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جولائی 2026ء کے اختتام تک مزید 14 اضلاع میں بھی الیکٹرو بس سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اس مرحلے میں چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں 10، 10 جبکہ وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب اور نارووال میں 11، 11 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔

پنجاب حکومت کے مطابق جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس وقت پنجاب کے 18 اضلاع میں 400 الیکٹرو بسیں کامیابی سے آپریشنل ہیں، جبکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1500 جدید الیکٹرو بسوں کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ مزید 20 اضلاع کے لیے 212 نئی الیکٹرو بسیں بھی پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات کو پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں تک پہنچانا ہے تاکہ عوام کو جدید اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ میسر آ سکے۔

Install our App

آپ کی اس خبر کے متعلق رائے