(لاہور نیوز) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام فیلڈ دفاتر سے ایجنٹ مافیا اور ٹاؤٹس کے مکمل خاتمے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے تمام ڈائریکٹرز کو فیلڈ دفاتر اور ان کے اطراف میں موجود غیر مجاز ایجنٹوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ تمام دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری کا نظام مکمل طور پر فعال بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے نے عوامی ڈیلنگ کرنے والے تمام افسران اور اہلکاروں کیلئے سرکاری یونیفارم اور شناختی کارڈ پہننا لازمی قرار دے دیا ہے تاکہ شہری باآسانی متعلقہ عملے کی شناخت کر سکیں۔
عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے رش والے دفاتر میں الیکٹرانک ٹوکن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ تمام دفاتر میں ٹیکس ریٹس، ویلیو ایشن ٹیبلز، طریقہ کار اور شہری سہولیات سے متعلق معلومات نمایاں طور پر آویزاں کرنے اور دفاتر کے باہر واضح رہنمائی کیلئے سائن بورڈز نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
محکمے نے تمام ڈائریکٹرز کو ان ہدایات پر عملدرآمد کی رپورٹ 10 جولائی تک جمع کرانے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے۔
