اپ ڈیٹس
  • 229.00 انڈے فی درجن
  • 298.00 زندہ مرغی
  • 432.00 گوشت مرغی
  • پولٹری
  • آسٹریلیا ڈالر قیمت خرید: 192.80 قیمت فروخت : 193.15
  • کرنسی مارکیٹ
  • تولہ: 433500 دس گرام : 371656
  • 24 سونا قیراط
  • تولہ: 397477 دس گرام : 340685
  • 22 سونا قیراط
  • تولہ: 6902 دس گرام : 5916
  • چاندی تیزابی
  • صرافہ بازار
شہرکی خبریں

قومی یکجہتی، امن اور شہری تحفظ حکومت کی اوّلین ترجیحات ہیں، مریم نواز

03 Jul 2026
03 Jul 2026

(لاہور نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی، امن اور شہری تحفظ حکومت کی اوّلین ترجیحات ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی ملک میں امن، بین المسالک ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ پنجاب میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور ان کے حقوق کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

امن کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوامی خدمات پر ملنے والی پذیرائی ان کی حکومت کے لیے اعزاز ہے اور گزشتہ اڑھائی برس کے دوران پنجاب نے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو اعتماد ہے کہ حکومت ان کے حقوق اور تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذمہ داریوں سے بڑھ کر عوامی خدمت انجام دی، انہوں نے محکموں کے افسران، سیکریٹریز اور متعلقہ حکام کی محنت، دیانت اور مؤثر عملدرآمد کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا، جبکہ قیدیوں کی فلاح سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ قواعد و ضوابط کا اطلاق صرف قانون شکن عناصر پر ہونا چاہیے اور قانون پر عمل درآمد کے ساتھ انسانی وقار کا احترام بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس، انتظامیہ، کمشنرز، علما اور دیگر متعلقہ اداروں نے مثالی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ شدید گرمی کے باوجود اہلکاروں نے طویل اوقات تک ڈیوٹی انجام دی، حساس علاقوں میں فول پروف سیکیورٹی، جلوسوں کے راستوں پر صفائی، پانی، موبائل میڈیکل کیمپس اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں، جس کے باعث امن و امان برقرار رہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور ہر مجرمانہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر کارروائی کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک محفوظ معاشرہ ہی ترقی کی بنیاد ہے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے والدین، اساتذہ اور سماجی و مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بچوں کی بہتر تربیت، منشیات سے تحفظ اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم، خاندانی تشدد اور گمراہ کن بیانیے کا مقابلہ اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بیانیے کی طاقت سے قوموں کی سمت کا تعین ہوتا ہے، اس لیے جامعات، مدارس، سول سوسائٹی، علما اور معاشرے کے تمام طبقات قومی ہم آہنگی، اتحاد اور رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت قومی قیادت اور ریاستی اداروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے قومی مفاد کے لیے اتحاد اور یکجہتی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن، استحکام اور وقار کے لیے تمام اداروں کی مشترکہ کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے غزہ میں بچوں اور بے گناہ شہریوں پر ہونے والے مظالم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پوری انسانیت کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ محرم الحرام کی طرح 12 ربیع الاول کے موقع پر بھی بھرپور، باوقار اور فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ تمام مذہبی تہواروں پر بہترین صفائی، سیکیورٹی، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

Install our App

آپ کی اس خبر کے متعلق رائے