بجلی کا بحران: لیسکو سسٹم پر شدید دباؤ، ٹرپنگ اور ٹرانسفارمرخراب ہونے میں اضافہ
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب نے لیسکو کے نظام پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے، جس کے باعث شہر بھر میں تکنیکی خرابیوں اور بجلی کی ٹرپنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں بجلی کی طلب 3700 سے 3900 میگاواٹ کے درمیان رہتی ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں یہ نظام مزید دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے اور شارٹ فال 400 سے 500 میگاواٹ تک پہنچ جاتا ہے۔
صورتحال کے باعث گرڈ اسٹیشنز اور ٹرانسفارمرز پر بوجھ بڑھ گیا ہے، جس سے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے اور خراب ہونے کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔ بعض علاقوں میں بجلی کی بندش 12 سے 14 گھنٹے تک جاری رہنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہر سب ڈویژن میں روزانہ اوسطاً دو سے تین ٹرانسفارمر خراب ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ اضافی ٹرانسفارمر ٹرالیاں بھی ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔
تاج پورہ، ہربنس پورہ، داروغہ والا، امرسدھو، کاہنہ، شاہدرہ، رچنا ٹاؤن، امامیہ کالونی، بیگم کوٹ، فیروز والا، مصطفی آباد، عامر ٹاؤن، تاج باغ اور اسلامیہ پارک سمیت متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث وقفے وقفے سے طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق رات کے اوقات میں سولر سسٹم کے استعمال میں کمی کے باعث لوڈ میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے نظام مزید غیر مستحکم ہو جاتا ہے۔ لیسکو حکام کی جانب سے نظام کو ٹرپنگ سے بچانے کے لیے بعض اوقات جبری لوڈشیڈنگ بھی کی جاتی ہے۔
