(لاہور نیوز) ایرانی سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے سفرِ آخرت کے سلسلے میں تعزیتی تقریبات جاری ہیں، جن میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے وفود کی آمد کا سلسلہ برقرار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان، ترکیے، عراق، لبنان، فلسطین، روس، بلغاریہ سمیت متعدد ممالک کے سرکاری وفود نے تعزیتی تقریبات میں شرکت کی، شہید رہبرِ اعلیٰ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
رپورٹس کے مطابق آج کی تمام تعزیتی تقریبات صرف عالمی رہنماؤں اور غیر ملکی وفود کے لیے مختص ہیں، جبکہ سات روزہ تعزیتی تقریبات ایران اور عراق کے پانچ بڑے شہروں میں منعقد کی جائیں گی۔
کل تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں عوام کو شہید سپریم لیڈر کا آخری دیدار کرایا جائے گا، جبکہ پیر کے روز تہران میں مرکزی جنازہ جلوس نکالا جائے گا، جس کے بعد میت کو قم منتقل کیا جائے گا۔
بعد ازاں شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت قم سے عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جائی جائے گی، جبکہ 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا، ایرانی میڈیا کے مطابق جنازے میں ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی مؤقف کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔
