(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر مقرر کی جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آ چکی ہے، مگر پاکستان میں عوام کو اب بھی مہنگا ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کرے، پٹرولیم لیوی کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں، اس لیے اسے مکمل طور پر ختم کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے کرائے، کھانے پینے کی اشیا اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتیں بھی فوری طور پر 28 فروری کی سطح پر واپس لائی جائیں۔
