(ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور کے آن لائن حج پورٹل کے ذریعے 10 دنوں میں ایک لاکھ 78 ہزار حج درخواستوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق موجودہ حکومت کے ویژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ ’’پاک حج‘‘ کے ذریعے عازمین حج کو گھر بیٹھے آسان، شفاف اور تیز رفتار رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کے ابتدائی 10 دنوں میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد عازمین حج نے بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنی حج رجسٹریشن مکمل کی جسے عوامی سطح پر ڈیجیٹل گورننس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے نئے ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، سہولت اور جدید طرز حکمرانی کی جانب ایک مؤثر پیشرفت قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق حج واجبات کی وصولی بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونے کی طرف گامزن ہے، رجسٹریشن کے بعد اگلے مرحلے میں حج واجبات کی ادائیگی کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔
منصوبے کے تحت عازمین حج آن لائن حج پورٹل یا موبائل ایپ ’’پاک حج‘‘ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے حج واجبات ادا کر سکیں گے، اس مقصد کے لئے ون لنک کے ذریعے حج واجبات کی وصولی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت عازمین حج کو بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی تک تمام مراحل چند کلکس کے ذریعے مکمل کئے جا سکیں گے۔
یہ نیا ڈیجیٹل ماڈل سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بھی ایک بڑی سہولت بن کر سامنے آ رہا ہے کیونکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے اپنی حج رجسٹریشن، درخواست کا سٹیٹس اور حج واجبات کی ادائیگی کا عمل با آسانی مکمل کر سکیں گے۔
