(ویب ڈیسک) 2028ء کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے ٹیموں کی کوالیفکیشن کا طریقہ کار طے کرلیا گیا۔
کرکٹ 1900 ء کے پیرس اولمپکس کے بعد اب پہلی بار 2028 کے اولمپک گیمز میں واپس آ رہی ہے، جہاں مینز اور ویمنز کی ٹیموں کے مقابلے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس کے کرکٹ ایونٹس میں مینز اور ویمنز ایونٹس میں 6،6 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی ،4 ٹیمیں 4 براعظموں ، افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشنیا کی نمائندگی کریں گی۔ٹیموں کا فیصلہ موجودہ آئی سی سی ایونٹس اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگز کی بنیادپرہوگا۔ آئی سی سی رینکنگ میں ہر براعظم کی ٹاپ ٹیم براہ راست اولمپکس میں کوالیفائی کرے گی۔
بطور میزبان امریکا کوالیفائی کرنے کا اہل ہے بشرطیکہ وہ رینکنگ میں ٹاپ 15 ٹیموں میں شامل ہو جبکہ چھٹی ٹیم کا فیصلہ آئی سی سی اولمپک کوالیفائر ایونٹس کے ذریعے ہوگا۔
کوالیفائر ایونٹس میں 8،8 ٹیمیں حصہ لیں گی ، جس کا شیڈول آئی سی سی بعد میں جاری کرے گا ۔
اولمپکس میں شریک 6 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا جائےگا ،جس کی ٹاپ 2 ٹیمیں مخالف گروپ کی مختلف پوزیشنوں والی ٹیموں کے ساتھ بھی میچز کھیلیں گی ، جس کے بعد ٹاپ کی 2 ٹیموں کےدرمیان گولڈمیڈل اور سلور میڈل کا میچ ہوگا، تیسری اور چوتھی ٹیم کے درمیان برانز میڈل کا میچ کھیلا جائےگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم لاس اینجلس اولمپکس میں کیسے رسائی حاصل کرسکتی ہے؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے کوالیفکیشن طریقۂ کار کے اعلان کے بعد پاکستان کی مینز اور ویمنز کی کرکٹ ٹیموں کے لیے اولمپکس تک رسائی کا راستہ مشکل ہے پر ناممکن نہیں۔
آئی سی سی کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں ایشیا سے سب سے اعلیٰ رینک ٹیم براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ اس وقت بھارت سرفہرست ہے اور اس نشست کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
اگر پاکستان ایشیا میں ٹاپ رینک حاصل نہ کر سکا تو اسے2027 کا آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کھیلنا اور اس ٹورنامنٹ کو جیتنا ہوگا تاکہ لاس اینجلس 2028 تک رسائی ممکن ہو۔
ویمنز ایونٹ کے لیے آسٹریلیا، بھارت، برطانیہ اور جنوبی افریقا نے آئی سی سی رینکنگ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بنیاد پر براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے ۔
ویمنزایونٹ میں پاکستانی ٹیم براہ راست کوالیفکیشن سے محروم ہو چکی ہے۔
اب پاکستان ویمنز ٹیم کو 2027 میں ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کے لیے اہل ٹیموں میں شامل ہونا ہوگا۔ اس کوالیفائر کا فاتح اولمپکس کی آخری نشست حاصل کرے گا۔ یہ کوالیفائر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔
