(لاہور نیوز) ممبر پنجاب اسمبلی محمد زبیر خان بلوچ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے نئے چیئرمین کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے انہیں اتھارٹی کے قوانین، اقدامات، انسپیکشنز اور لائسنسنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد زبیر خان بلوچ نے کہا کہ فوڈ سیفٹی کے نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور مؤثر بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
زبیر خان بلوچ کا کہنا تھا کہ فوڈ انڈسٹری کے لیے سہولیات میں اضافہ، قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے اور فوڈ آپریٹرز کے جائز تحفظات کے ازالے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ قانون کی یکساں عملداری یقینی بنائی جائے گی۔
چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ملاوٹ، ناقص اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے سکولوں، ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی کی۔
زبیر خان بلوچ نے کہا کہ صحت بخش خوراک کے حوالے سے عوامی آگاہی مہمات کو وسعت دی جائے گی، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشن کے مطابق پنجاب کے ہر کونے کو ملاوٹ سے پاک بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
