پبلک ٹرانسپورٹ،رکشوں میں کیو آر پینک بٹن نہ لگوانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
(لاہور نیوز)سٹی ٹریفک پولیس نے عوامی تحفظ کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ، ٹیکسیوں، رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں کیو آر پینک بٹن اور دیگر جدید سکیورٹی فیچرز کی تنصیب یقینی بنانے کے لیے یکم جولائی کے بعد کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق تمام رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو یکم جولائی تک کی مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد کیو آر پینک بٹن اور دیگر لازمی حفاظتی فیچرز نہ اپنانے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او نے بتایا کہ شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کی ٹیمیں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ رکشوں کے لیے 12 الگ ٹیمیں مختص کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں میں یہ سہولت نصب کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف رکشہ یونینز کی درخواست پر شہریوں کی سہولت کے لیے مزید چار نئے لائسنس سنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک جاری مہم کے دوران 6 ہزار سے زائد رکشوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیا جا چکا ہے۔
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کیو آر پینک بٹن حاصل کرنے کے لیے گاڑی کا لائسنس، رجسٹریشن بک اور ای چالان کلیئرنس لازمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحفظ کے لیے سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز دونوں کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
