(لاہور نیوز) محرم الحرام کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 07 محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں 60 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، آج پنجاب بھر میں 1377 عزاداری جلوس اور 3869 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جبکہ لاہور میں 98 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے اور 435 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 27 ہزار کمیونٹی رضاکار بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے، جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہو گی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، سکیورٹی ڈیوٹی پر سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو فورس سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز بھی تعینات ہیں، لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب پولیس کے مطابق تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز کو سینٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے اور یہ مراکز چوبیس گھنٹے رابطے میں رہ کر سکیورٹی صورتحال کی نگرانی کریں گے۔
