(لاہور نیوز) حکومت نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول سبسڈی پر قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا ساتواں اجلاس ہوا، جس کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد فیول سبسڈی ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا تاہم حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے، اس کے علاوہ تمام صوبوں میں موٹر سائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔
قومی سٹیئرنگ کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو چکی ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک منتقل کیا جا چکا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کمیٹی کے بین الصوبائی تعاون کو سراہا، اس عمل سے حاصل ہونے والے تجربات کو دستاویزی شکل دینے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ ڈیٹا اور ترسیلی نظام کی خامیوں کو دور کر کے مستقبل کے اقدامات مؤثر بنانے کا حکم دیا۔
