(لاہور نیوز) شہر میں درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث لیسکو ( لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی) کے سسٹم پر دباؤ بڑھ گیا۔
ذرائع کے مطابق چھٹی کے روز بجلی کی طلب میں تقریباً 800 میگاواٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لیسکو میں مجموعی ڈیمانڈ 2960 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3150 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق سسٹم پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے 180 میگاواٹ تک لوڈ کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری ہے تاکہ مجموعی نظام کو مستحکم رکھا جا سکے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول بجلی چوری کی شرح اور مجموعی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ترسیلی نظام پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
ادارے کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر کے دوران بجلی کی طلب میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
