وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات، بجٹ، آزاد کشمیر و ایران معاہدے پر تبادلہ خیال
(لاہورنیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی.
ملاقات میں ایران۔امریکا امن معاہدے، وفاقی بجٹ، آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال اور گلگت بلتستان میں حکومت سازی سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے وفاقی بجٹ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل رہی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تعاون اور حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے شیری رحمان اور نوید قمر شریک ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وفد میں اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ اور احد چیمہ بھی موجود تھے۔
