پی ایچ اے لاہور کے 14 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے صرف 1 ارب 20 کروڑ روپے مختص
(لاہور نیوز) پنجاب کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کے تقریباً 14 ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے صرف 1 ارب 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق لاہور شپ پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 54 کروڑ روپے ہے، جس میں سے آئندہ مالی سال کے لیے 27 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اسی طرح ریلوے ٹریک گرین کوریڈور منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 70 کروڑ روپے ہے، تاہم اس منصوبے کے لیے صرف 10 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
رنگ روڈ فاریسٹیشن منصوبے کی کل لاگت 4 ارب 19 کروڑ روپے ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں اس کے لیے بھی 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بجٹ میں عبداللہ گل انٹرچینج سے برکی روڈ تک لینڈ اسکیپنگ منصوبے کے لیے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق کامران کی بارہ دری پراجیکٹ، جس کی مجموعی لاگت 49 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے، کے لیے آئندہ مالی سال میں 15 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
