(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں واسا لاہور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 20 ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کے مقابلے میں 4 ارب 32 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق بھائی گیٹ لفٹ سٹیشن کیلئے 17 کروڑ روپے جبکہ بیگم کوٹ سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ راوی روڈ کے سور پوائنٹ سیوریج سسٹم کیلئے 10 کروڑ روپے، رسول پارک سور پوائنٹ کیلئے 12 کروڑ روپے اور کوپر روڈ سور پوائنٹ کیلئے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
گارڈن ٹاؤن سور پوائنٹ منصوبے کیلئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ اچھرہ کے سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے 24 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
واسا کی آپریشنل استعداد بڑھانے کیلئے ڈرینج سیٹس اور جدید مشینری کی خریداری کیلئے 15 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ جوبلی ٹاؤن میں ویسٹ واٹر پمپس اور مشینری کیلئے 18 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ نشتر ٹاؤن میں اسی مد میں 26 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
بجٹ میں شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر ویسٹ واٹر پمپس کی خریداری کیلئے بھی 20 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد لاہور میں سیوریج کے مسائل، بارشی پانی کے نکاس اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات کو کم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
