(ویب ڈیسک) موسم گرما کی تعطیلات کے دوران لاہور کے سرکاری سکولوں میں نجی پبلشرز کی ہوم ورک بکس طلبہ کو فروخت کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے بیشتر پبلک سکولوں میں پرائیویٹ پبلشرز کی ہوم ورک بکس طلبہ کو 200 سے 300 روپے میں فروخت کی گئیں، قواعد و ضوابط کے تحت طلبہ کو مفت ہوم ورک گائیڈ فراہم کی جاتی ہے۔
سرکاری سکولوں میں کسی بھی نجی پبلشر کی کتاب یا ہوم ورک بک لگانے کیلئے محکمہ تعلیم سے باقاعدہ منظوری لینا لازمی ہے، تعلیمی قواعد کے مطابق منظوری کے بغیر نجی پبلشرز کی کتابیں یا ہوم ورک بکس نصاب کا حصہ بنانا خلافِ ضابطہ اور قابلِ کارروائی عمل ہے۔
معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو دو روز کے اندر رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت جاری کر دی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ سکول سربراہان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
