(لاہور نیوز) ملک بھر میں انڈر گریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا انتظام پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی اور چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی ڈاکٹر محمود سلیم نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
وی سی ڈاکٹر محمد علی کے مطابق انٹری ٹیسٹ میں 31 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کرائی ہے، جبکہ ملک بھر میں 105 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت، سکردو سمیت دیگر اہم شہروں میں قائم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق امتحانی مراکز میں شفافیت، سکیورٹی اور سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ والدین کے لیے مناسب انتظار گاہوں اور پینے کے پانی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے تمام مراحل کو منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
