(لاہور نیوز) لاہور کے سرکاری سکولوں میں "لائبریریز آن ویلز" منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
198 ملین روپے کی لاگت سے جدید موبائل لائبریری منصوبہ مکمل کیا جائے گا، منصوبے کے تحت 85 الیکٹرک گاڑیاں خریدی جائیں گی جبکہ ہر موبائل لائبریری میں 20 جدید ٹیبلٹس نصب کئے جائیں گے۔
منصوبے میں طلبہ کی سہولت کیلئے ہر گاڑی میں بڑی ایل ای ڈی سکرین بھی موجود ہو گی، موبائل لائبریری روزانہ ایک سکول کا دورہ کرے گی، ہر گاڑی مقررہ شیڈول کے تحت سکولوں میں تعلیمی خدمات فراہم کرے گی۔
الیکٹرک گاڑیاں روزانہ مقررہ چارجنگ سٹیشن سکول سے چارج ہوں گی، منصوبے سے ہر سکول کے طلبہ کو لائبریری اور ڈیجیٹل لرننگ کی سہولت میسر آئے گی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ منصوبے سے طلبہ میں مطالعے اور کتب بینی کے رجحان کو فروغ دیا جائے گا، موبائل لائبریری منصوبہ تعلیمی معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سی ای او طارق محمود کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کو جدید تعلیمی وسائل تک رسائی دی جائے گی، طلبہ کو کتابوں کے ساتھ ڈیجیٹل تعلیمی مواد بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ کتب بینی کے فروغ اور جدید تعلیم کے امتزاج پر مبنی منفرد منصوبہ ہے۔
