آئی جی پنجاب کی زیرِ صدارت کمانڈ کانفرنس، محرم الحرام سکیورٹی کیلئے جدید سیف سٹیز نظام فعال
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرِ صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں پہلی کمانڈ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبہ بھر میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، جرائم کی صورتحال، امن و امان اور سمارٹ سیف سٹیز آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے دوران آئی جی پنجاب کو محرم الحرام کے موقع پر مجالس، جلوسوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کیلئے کیے گئے خصوصی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کے محرم الحرام کی سکیورٹی کیلئے متعارف کرائے گئے QR پینک بٹن، ایمرجنسی رسپانس میکانزم اور جدید سکیورٹی فیچرز کو مؤثر انداز میں فعال کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 4500 سے زائد امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، ڈیجیٹل میپنگ اور QR کوڈ بیسڈ سکیورٹی سسٹم مکمل طور پر فعال ہے جبکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سمارٹ سیف سٹیز آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔
اجلاس میں سمارٹ سیف سٹیز آپریشنز، کرائم ڈٹیکشن، پولیس رسپانس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حاصل ہونے والے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریجنل کمانڈرز اور ضلعی مینیجرز نے اپنے اضلاع میں جاری سمارٹ سیف سٹیز اقدامات، آپریشنل صورتحال اور درپیش چیلنجز سے متعلق آگاہ کیا۔
کانفرنس میں پنجاب بھر کے 43 آپریشنل سمارٹ سیف سٹیز سینٹرز کے منیجرز، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ سمارٹ سیف سٹیز نیٹ ورک صوبے میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور مؤثر پولیسنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام اضلاع میں فول پروف سکیورٹی اور مؤثر مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹیز ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے۔
ایم ڈی سیف سٹیز محمد احسن یونس نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں، ڈیٹا اینالیٹکس اور انٹیلیجنٹ مانیٹرنگ کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
