(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف پیکج کے تحت فراہم کی جانے والی مفت سفری سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس پر عمل درآمد 13 جون سے شروع ہوگا۔
پنجاب بھر کے ماس ٹرانزٹ نظام میں آج رات تک شہری مفت سفر کر سکیں گے، تاہم کل سے مسافروں کو معمول کے مطابق کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو بس، گرین بس اور الیکٹرک بس سروسز پر مفت سفری سہولت ختم کی جا رہی ہے۔ یہ سہولت اپریل 2026 میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر مفت سفر کا اعلان ایک ماہ کے لیے کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں اس میں توسیع کے لیے مختلف تجاویز پر غور بھی کیا گیا۔ مفت سفری سہولت سے روزانہ تقریباً 8 لاکھ مسافر مستفید ہو رہے تھے، جن میں اورنج لائن ٹرین کے تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار اور میٹرو بس کے ایک لاکھ سے زائد مسافر شامل تھے۔
مفت سفری سہولت کے خاتمے کے بعد کل سے تمام مسافروں کو دوبارہ مقررہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ اس فیصلے سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کے سفری اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔
