شدید گرمی: مریم نوازکی عوامی مقامات پرٹھنڈے پانی اور سایہ فراہم کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کے تحفظ اور سہولت کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ ہر شہر کے اہم چوکوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر سائے اور شیڈز کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو شدید دھوپ سے بچایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویگن سٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور کولرز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو ٹھنڈا پانی پیش کرنے اور ان کے لیے مناسب سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ شدید گرمی اور لو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے خواتین، بزرگوں اور بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مریم نواز شریف نے اسکول سمر کیمپس میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ شدید دھوپ میں موٹرسائیکل سواروں کو بلا ضرورت نہ روکا جائے، جبکہ بائیک پر خاندان یا بچے سوار ہونے کی صورت میں خصوصی رعایت دی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور لو کی شدت کا مقابلہ کرنے کے لیے احتیاط اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
