(لاہور نیوز) شاہدرہ کے علاقے میں پلاسٹک کا کچرا تولنے کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے کے دوران ایک فیکٹری ورکر قتل ہو گیا، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 15 پر موصول ہونے والی کال پر شاہدرہ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق 28 سالہ مہتاب اور 60 سالہ ملزم کے درمیان پلاسٹک کا کچرا تولنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران ملزم نے طیش میں آ کر چھری کے وار سے مہتاب کو شدید زخمی کر دیا، زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد شاہدرہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اور تفتیش کا آغاز کیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
