(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے تحت برائلر گوشت اور زندہ مرغی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق پولٹری مصنوعات کے داموں میں 22 روپے تک کمی ہوئی ہے، نئے نرخوں کے تحت برائلر گوشت کی قیمت 417 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ صافی گوشت شہریوں کو 480 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 260 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 274 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 288 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
ادھر انڈوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، انڈے 239 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 7 ہزار 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔
