(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے رواں سال 228 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور ڈالہ کلچر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی تشہیر کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن معاشرے کا قیام لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
